گزشتہ سبق میں ہم نے سیکھا کہ خدا تعالیٰ کے ازلی منصوبہ نجات کے مطابق خداوند یسوع مسیح نے انسان کے گناہ کے فدیہ میں اپنی جان صلیب پر قربان کی۔ یہ بھی کہ خداوند یسوع مسیح کی موت پر ظاہر ہونے والے مافوق الفطرت نشانات نے یہ ثابت کردیا کہ اس سے خدا تعالیٰ کی مرضی پوری ہوئی۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ خدا تعالیٰ نے انسان کو گناہ سے نجات دینے کے لئے یہ یہی طریقہ کیوں استعمال کیا؟
کیا خدا تعالیٰ کفارے کے بغیر ہی اپنے فضل سے انسان کو معاف نہیں کرسکتا تھا؟
جب ہم خدا تعالیٰ کی کچھ خاص صفات پر غور کرتے ہیں تو کسی حد تک یہ بات سمجھ میں آجاتی ہے کہ خدا تعالیٰ نے کیوں راستہ اختیار کیا۔ ان صفات میں خدا تعالیٰ کی خود مختاری، پاکیزگی، عدل اور رحم شامل ہیں۔