اَب تک ہم سیکھ چکے ہیں کہ انسان خُدا کی نظر میں نہایت ہی قابلِ قدر ہے ۔اس لئے خُدا تعالیٰ سب مخلوقات سے بڑھ کر انسان سے پیار کرتے ہیں ۔پھر یہ بھی کہ خُدا کی محبت ہر انسان کے لئے یکساں اور مساوی ہے۔خُدا تعالیٰ ہر طرح کے مذہبی ، معاشرتی ،جغرافیائی اور جنسی امتیاز کے بغیرسب مرد و خواتین سے پیار کرتے ہیں اور اُن کی ساری ضروریات پوری کرتے ہیں۔ پھر ہم نے یہ بھی سیکھا کہ جب خُدا تعالیٰ خود انسان سے پیار کرتے ہیں تو وہ چاہتے ہیں کہ ہر شخص بھی احترامِ انسانی کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔ اب سوال یہ پید ا ہوتا ہے کہ احترام انسانیت کے فروغ کے لئے ایک عام انسان کو دوسرے انسانوں کے لئے کیا کُچھ کرنے کی ضرورت ہے۔اس باب میں ہم مختصر طور پر یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ انسانی قدر و منزلت کے فروغ کے لئے ہمیں کس قسم کا رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔