سبق نمبر 2- خدا کی حضوری میں

Mark Waseem

گزشتہ سبق میں ہم نے سیکھا کہ جب کوئی شخص خداوند یسوع مسیح کو اپنا نجات دہندہ قبول کرتا ہے تو وہ خدا تعالیٰ کے خاندان کا فرد بن جاتا ہے۔ یسوع مسیح کو قبول کرکے خدا کے فرزند بننے کے اس عمل کو انجیلِ مقدس کی اصطلاح میں نئی پیدائش بھی کہا جاتا ہے۔ یسوع مسیح کا پیروکار بن جانے پر ایک ایماندار کو اپنی پرانی گناہ آلودہ زندگی کے برعکس نئے انداز سے پاکیزہ طور پر زندگی بسر کرنا ہوتی ہے۔ عام مشاہدہ یہ ہے کہ ایک بچے کی پرورش کے لئے ضروری ہے کہ اسے مناسب خوراک ملے اور اس کی والدہ اور دیگر افرادِ خانہ کا ساتھ اسے حاصل رہے۔ اسی طرح ایک نئے ایماندار کی روحانی پرورش کے لئے بھی ضروری ہے کہ وہ مسلسل خدا اور دیگر ایمانداروں کی صحبت میں رہ کر روحانی خوراک حاصل کرتا رہے۔ اس سبق میں ہم سیکھیں گے کہ کوئی نیا ایماندار کس طرح خدا کے ساتھ میل ملاپ رکھنے سے لطف اندوز ہوسکتا ہے اور پھر کس طرح روحانی بلوغت حاصل کرسکتا ہے۔