سبق نمبر 12- یسوع مسیح آپکی نظر میں

Mark Waseem

غریب یہودی کنواری لڑکی ( مریم) کے ہاں پیدا ہونے والا بچہ یسوع مسیح جب تیس برس کی عمر کو پہنچا تو اس کی حیرت انگیز شخصیت نے لوگوں کو حیرانی میں ڈال دیا۔ ہر ایک پوچھنے لگا کہ یہ کون ہے؟ لوگوں نے اپنے مشاہدات کی روشنی میں اُس کے بارے میں مختلف نظریات قائم کئے۔ کسی نے اسے ایک نبی کہا تو کسی نے اسے خدا کا بیٹا قرار دیا۔ کچھ نے تو اسے ایک گمراہ کن جادوگر ، دیوانہ اور گناہگاروں کا دوست کہا تو دیگر نے اسے ایک دانشور اور عظیم اصلاح کار پُر حکمت استاد کا درجہ دیا۔
آج بھی یسوع مسیح کے بارے میں مختلف لوگوں کے مختلف خیالات ہیں۔ اس سبق میں یسوع مسیح کی زندگی کی اُن تمام باتوں کا مختصر جائزہ پیش کیا جا رہا ہے۔ جو آپ نے گزشتہ اسباق میں پڑھا اور سیکھا ہے۔ ان باتوں کی روشنی میں آپ بھی اس سوال کا جواب دے سکتے ہیں کہ آپ کے خیال میں یسوع مسیح کون ہیں؟