یسوع مسیح کی موت کے بعد انہیں یہودی دستور کے مطابق ایک غار نما قبر میں دفن کیا گیا۔ تدفین کے بعد یہودیوں کی درخواست پر رومی حکومت نے قبر کو تحویل میں لے کر وہاں پہرہ لگایا۔ یہودیوں کو خدشہ تھا کہ کہیں یسوع مسیح کے شاگرد اپنے آقا کی لاش اُٹھا کر نہ لے جائیں اور بعد میں مشہور کریں کہ وہ قبر سے جی اُٹھے ہیں۔
مزید سمجھنے کے لئے درج ذیل انجیلِ مقدس کے حوالے کا مطالعہ کریں۔
جب شام ہُوئی تو یُوسُف نام ارمِتیاہ کا ایک دَولتمند آدمِی آیا جو خُود بھی یِسُوع کا شاگِرد تھا۔
اُس نے پِیلاطُس کے پاس جا کر یِسُوع کی لاش مانگی۔ اِس پر پِیلاطُس نے دے دینے کا حُکم دِیا۔
اور یُوسُف نے لاش کو لے کر صاف مِہین چادر میں لپیٹا۔
اور اپنی نئی قَبر میں جو اُس نے چٹان میں کھُدوائی تھی رکھّا۔ پھِر وہ ایک بڑا پتھّر قَبر کے مُنہ پر لُڑھکا کر چلا گیا۔
اور مریم مگدلینی اور دُوسری مریم وہاں قَبر کے سامنے بَیٹھی تھِیں۔
دُوسرے دِن جو تیّاری کے بعد کا دِن تھا سَردار کاہِنوں اور فرِیسِیوں نے پِیلاطُس کے پاس جمع ہوکر کہا۔
خُداوند ہمیں یاد ہے کہ اُس دھوکے باز نے جِیتے جی کہا تھا مَیں تین دِن کے بعد جی اُٹھُوں گا۔
پَس حُکم دے کہ تِیسرے دِن تک قَبر کی نگہبانی کی جائے۔ کہِیں اَیسا نہ ہو کہ اُس کے شاگِرد آ کر اُسے چُرا لے جائیں اور لوگوں سے کہہ دیں کہ وہ مُردوں میں سے جی اُٹھا اور یہ پِچھلا دھوکا پہلے سے بھی بُرا ہو۔
پِیلاطُس نے اُن سے کہا تُمہارے پاس پہرے والے ہیں۔ جاؤ جہاں تک تُم سے ہوسکے اُس کی نگہبانی کرو۔
پَس وہ پہرے والوں کو ساتھ لے کر گئے اور پتھّر پر مُہر کر کے قَبر کی نگہبانی کی۔
(متّی 27 باب 57 تا 67 آیات)
سوچنے کی بات
یسوع مسیح کی موت پر ظہور پذیر ہونے والے مافوق الفطرت نشانات اس بات کا اظہار ہیں کہ آپ کی موت خدا کی رضا کے عین مطابق تھی۔ اور یہ بھی کہ یسوع مسیح کا خدا کے ساتھ ایک منفرد اور لاثانی رشتہ تھا۔ یسوع مسیح کی موت کے بارے میں آپکا کیا خیال ہے؟
دعا۔ اے ہمارے پروردگار۔ میری آنکھیں کھول دے تاکہ میں حقیقی طور پر یسوع مسیح کو پہچان سکوں کہ درحقیقت آپ کون ہیں۔ آمین
مندرجہ ذیل سوالات کے جوابات دیں۔