یائیر کی بیٹی

Mark Waseem

ایک مرتبہ ایک عبادت خانے کے سردار یائیر کی بارہ سالہ بیٹی مرنے کے قریب ہوگئی۔ اُس سردار نے یسوع مسیح سے مِنت کی کہ وہ اُس کے گھر آکر اُس کی بیٹی کو چھُوئے تو وہ تندرست ہوسکتی ہے۔ یسوع مسیح جب اُس کے ساتھ جا رہے تھے تو راستے میں وہ عورت آئی جس کا ذکر ہم نے پچھلے حصے میں پڑھا تھا جو بارہ برس سے نسوانی بیماری میں مبتلا تھی۔ ابھی یسوع مسیح یائیر سے باتیں کر ہی رہے تھے کہ عبادت خانے کے سردار کے گھر سے خبر آئی کہ اُس کی بیٹی مر گئی ہے اِس لئے اَب یسوع مسیح کو آنے کی تکلیف نہ دی جائے۔ لیکن اِس سلسلے میں یسوع مسیح نے عبادت خانے کے سردار کی کیا مدد کی؟

ہم اس حصے میں کلامِ مقدس کی روشنی میں اس واقعے کو دیکھیں گے۔

کلامِ مقدس میں یوں لکھا ہے کہ

“جب یسوع پِھر کشتی میں پار گیا تو بڑی بِھیڑ اُس کے پاس جمع ہُوئی اور وہ جھیل کے کنارے تھا۔ اور عبادت خانہ کے سرداروں میں سے ایک شخص یائیر نام آیا اور اُسے دیکھ کر اُس کے قدموں پر گرا۔ اور یہ کہہ کر اُس کی بہت مِنّت کی کہ میری چھوٹی بیٹی مَرنے کو ہے۔ تُو آ کر اپنے ہاتھ اُس پر رکھ تاکہ وہ اچّھی ہو جائے اور زِندہ رہے۔ پس وہ اُس کے ساتھ چلا اور بہت سے لوگ اُس کے پیچھے ہولئے اور اُس پر گرے پڑتے تھے۔”(مرقس 5 باب 21 تا 24 آیات)۔

“وہ یہ کہہ ہی رہا تھا کہ عبادت خانہ کے سردار کے ہاں سے لوگوں نے آ کر کہا کہ تیری بیٹی مَر گئی۔ اَب اُستاد کو کیوں تکلیف دیتا ہے؟ جو بات وہ کہہ رہے تھے اُس پر یسوع نے توجہ نہ کر کے عبادت خانہ کے سردار سے کہا خَوف نہ کر۔ فقط اعتقاد رکھ۔”(مرقس 5 باب 35 تا 36 آیات)۔

“پِھر اُس نے پطرؔس اور یعقوب اور یعقوب کے بھائی یوحنّا کے سِوا اور کسی کو اپنے ساتھ چلنے کی اِجازت نہ دی۔ اور وہ عبادت خانہ کے سردار کے گھر میں آئے اور اُس نے دیکھا کہ ہُلّڑ ہو رہا ہے اور لوگ بہت رو پِیٹ رہے ہیں۔ اور اندر جا کر اُن سے کہا تُم کیوں غُل مچاتے اور روتے ہو؟ لڑکی مَر نہیں گئی بلکہ سوتی ہے۔ وہ اُس پر ہنسنے لگے لیکن وہ سب کو نِکال کر لڑکی کے ماں باپ کو اور اپنے ساتھیوں کو لے کر جہاں لڑکی پڑی تھی اندر گیا۔”(مرقس 5 باب 37 تا 40 آیات)۔

“اور لڑکی کا ہاتھ پکڑ کر اُس سے کہا تلیِتا قُومی۔ جِس کا ترجمہ ہے اَے لڑکی مَیں تجھ سے کہتا ہُوں اُٹھ۔ وہ لڑکی فی الفَور اُٹھ کر چلنے پِھرنے لگی کیونکہ وہ بارہ برس کی تھی۔ اِس پر لوگ بہت ہی حَیران ہُوئے۔ پِھر اُس نے اُن کو تاکید سے حکم دِیا کہ یہ کوئی نہ جانے اور فرمایا کہ لڑکی کو کُچھ کھانے کو دِیا جائے۔” (مرقس 5 باب 41 تا 43 آیات)- 

دعا۔ اَے خداوند! آپ کا شکر ہو کہ آپ نے اپنی شفا بخش قوت سے صرف مردوں کو نہیں بلکہ عورتوں کو بھی فیض یاب کِیا ہے۔ آمین!

مندرجہ ذیل سوالات کے جوابات دیں۔