وسائل کو تباہ کرنے والے عناصر پرغلبہ

Mark Waseem

کبھی کبھی ہوا، پانی اور دیگر قدرتی عوامل ہمارے وسائل کو تباہ کرتے ہیں۔تاہم المسیح ان سب پر اختیار رکھتے ہیں۔ایک بار گلیل کی جھیل میں دورانِ سفر المسیح کشتی پر سو رہے تھے اوروہاں بہت سخت طوفان آگیا۔ قریب تھا کہ کشتی پانی میں ڈوب جاتی۔المسیح کے شاگرد گھبرا گئے۔ چنانچہ ڈر اور خوف میں اُنہوں نے المسیح کو جگا کر اُس سے مِنّت کی،”اَے خُداوند! ہمیں بچا ہم ہلاک ہوئے جاتے ہیں“
چنانچہ المسیح نے اُن سے کہا کہ ”اے کم اعتقادو ڈرتے کیوں ہو؟ اور پھر اُٹھ کر ہوا اور پانی کو ڈانٹا اور بڑا امن ہوگیا۔یہ سب کُچھ دیکھ کر لوگ حیران ہو کر کہنے لگے یہ کس طرح کا آدمی ہے کہ ہوا اور پانی بھی اُس کا حکم مانتے ہیں۔ ( انجیلِ مقدّس متی23:8۔27؛لُوقا22:8۔25).
ایک اَور موقعہ پر المسیح اپنے شاگردوں کو کشتی میں رخصت کر کے خود تنہا دعا کرنے کے لئے پہاڑ پر چڑھ گیا۔جب شام ہوئی تو وہ وہاں اکیلا تھا ۔ مگر کشتی اُس وقت جھیل کے بیچ میں تھی اور لہروں سے ڈگمگا رہی تھی کیونکہ ہوا مخالف تھی۔چنانچہ جب شاگرد تیز ہوا کے باعث بہت پریشان ہو رہے تھے تو اُس وقت المسیح رات کے چوتھے پہر پانی کی سطح پر چلتے ہوئے اُن کے پاس آگئے۔ شاگرد اُنہیں پانی کی سطح پر چلتے دیکھ کر گھبرا گئے اور ڈر کر کہنے لگے کہ بھوت ہے۔ لیکن المسیح نے فوراََ اُن سے کہا، ”خاطر جمع رکھو۔مَیں ہوں۔ڈرو مت“۔ جب المسیح کشتی میں سوار ہوئے تو بڑا امن ہو گیا۔چنانچہ سب لوگ یہ دیکھ بہت حیران ہوئے(انجیل ِمقدس، متی 22:14۔32 ؛مرقس 45:6۔52؛یُوحنا15:6۔21)۔