مشرقی زائرین اورآسمان پر عجیب ستارے کا ظہور

Mark Waseem

اِسی طرح انجیل نویس مقدس متی رسول بیان کرتے ہیں جب المسیح پیدا ہوئے تو اُس وقت صوبہ یہودیہ میں ہیرودیس بادشاہ حکمران تھا۔ بیت ِلحم بھی اسی صوبہ میں واقع تھا۔ جب المسیح پیدا ہوئے تو آسمان پر ایک خاص ستارہ ظاہر ہو ا جس کی رہنمائی میں پورب کے کئی مجوسی المسیح کی زیارت کے لئے آئے۔ اُنہوں نے یروشلیم پہنچ کر لوگوں سے دریافت کیا کہ یہودیوں کا بادشاہ جو پیدا ہوا ہے وہ کہاں ہے؟یہ سُن کر ہیرودیس اور یروشلیم کے سب لوگ گھبرا گئے۔ اور اُنہوں نے سردار کاہنوں اور فقیہوں کو جمع کر کے اُن سے پوچھا کہ المسیح کی پیدایش کے حوالہ سے صحائف ِانبیا کیا خبر دیتے ہیں۔اِس پر اُنہوں نے حضرت میکاہ نبی کے صحیفہ کی روشنی میں بتایا کہ مسیح کو بیت ِ لحم میں پیدا ہونا ہے۔ یہ جان کر ہیرودیس نے مجوسیوں کو تاکید کی کہ اس بچّے کی بابت ٹھیک ٹھیک دریافت کرکے مُجھے بتائیں تاکہ مَیں بھی اُسے سجدہ کروں۔لیکن حقیقت میں ہیرودیس کے اندر رقابت کی آگ دہک رہی تھی وہ اُس بچے کو فوری طور پر قتل کرنا چاہتا تھا۔ چنانچہ مجوسی وہاں سے ستارے کی رہنمائی میں ٹھیک المسیح کی جائے پیدایش پرپہنچ گئے اور اپنے اپنے تحایف یعنی سونا ،مُر اور لبان المسیح کی نذر کر کے اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
چونکہ ہیرودیس اِس نومولود بادشاہ المسیح کو فوری طور پر قتل کر نا چاہتا تھا ۔ اس لئے خُدا نے خواب کے وسیلہ اُن زائرین کو ہدایت کی کہ وہ واپس ہیرودیس کے پاس نہ جائیں۔اور اس کے ساتھ ہی مقدسہ مریم کے منگیتر حضرت یوسف کو بھی خُدا تعالیٰ کے فرشتہ نے خواب میں دکھائی دے کر اُسے ہدایت کی کہ وہ مصر کو چلے جائیں۔
چنانچہ یوسف فرشتہ کی ہدایت کے مطابق اُسی وقت رات کو بچے اور اُس کی ماں کو ساتھ لے کر مصر روانہ ہو گیا اور ہیرودیس کے مرنے تک وہیں رہا۔
جب ہیرودیس نے دیکھا کہ مجوسیوں نے اُس کے ساتھ دھوکا کیا ہے اور لوٹ کر اُس کے پاس نہیں آئے تو اُس سارے یہودیہ میں دو سال یا دو سال کے کم عمرکے تمام بچے قتل کروا دئیے۔لیکن المسیح کو خُدا تعالیٰ نے خاص انتظام کے تحت محفوظ رکھا۔اور پھر جب ہیرودیس مر گیا تو خُدا کے فرشتہ نے دوبارہ یوسف کو خواب میں دکھائی دے کر کہا کہ”اُٹھ بچے اور اُس کی ماں کو لے کر اسرائیل کے مُلک میں چلا جا کیونکہ جو بچے کی جان کے خواہاں تھے وہ مر گئے( ہیں)“ (متی 20:2)چنانچہ یوسف فرشتے کے کہنے کے مطابق بچے اور اُس کی ماں کو لے کر اسرائیل کے مُلک میں آگیا اور گلیل کے شہر ناصرت میں جا بسا۔