محافظِ کائنات

Da Wood

خُدا تعالیٰ جہاں بلا امتیاز سب کوخوراک مہیا کرتا ہے وہیں بلا تفریق ہر اِنسان کی زندگی کی حدودکے مطابق اُسے اپنی محافظت سے بھی فیض یاب کرتا ہے۔ وہ توہر انسان کو خواہ وہ مومن ہو یا کافر سنبھالتا اور محفوظ رکھتا ہے۔ حضرت داﺅد نبی فرماتے ہیں!
”اَے خُداوندتُو انسان اور حیوان دونوں کو محفوظ رکھتا ہے ۔
اَے خُدا!تیری شفقت کیا ہی بیش قیمت ہے۔
بنی آدم تیرے بازوﺅں کے سایہ میں پناہ لیتے ہیں“ (زبور36: 6-7)۔
پھر زبور نویس تو یہاں تک کہتے ہیں کہ خُدا تعالیٰ کے علاوہ کسی اَور کی حفاظت پر یقین کرنا عبث ہے۔زبور127: 1 کے مطابق آپ فرماتے ہیں،
”اگر خُداوند ہی شہر کی حفاظت نہ کرے تو نگہبان کا جاگنا عبث ہے“۔
پھر آپ مزید رقم طراز ہیں کہ
”میری کُمک خُداوند سے ہے۔
وہ تیرے پاﺅں کو پھسلنے نہ دے گا۔تیرا محافظ اونگھنے کا نہیں“۔
”خُداوند تیرا محافظ ہے۔خُداوند تیرے دہنے ہاتھ پر تیرا سائبان ہے۔
نہ آفتاب دن کو تُجھے ضرر پہنچائے گا نہ ماہتاب رات کو۔
خُداوند ہر بلا سے تُجھے محفوظ رکھے گا اور تیری جان کو محفوظ رکھے گا۔
خُداوند تیری آمدو رفت میں اب سے ہمیشہ تک تیری حفاظت کرے گا“۔
(زبور 121 :2-5)