رازقِ کُل

Mark Waseem

نجات دہندہ کے دیگر معجزات۔

جسمانی قوت کی بحالی اور زندگی کو قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ انسان اور دیگر جانداروں کو اُن کی ضروریات کے مطابق وقت پر خوراک ملے۔ خدا تعالیٰ کی یہ صفت ہے کہ وہ رازقِ کُل ہوتے ہوئے ہر جاندار کو وقت پر خوراک مہیا کرتا ہے۔ خدا تعالیٰ کے سوائے کوئی بھی رازقِ کائنات نہیں ہوسکتا۔ البتہ انجیلِ مقدس بیان کرتی ہے کہ ایک موقع پر یسوع مسیح نے خدا تعالیٰ کے اِس اختیار کا استعمال کرکے ظاہر کیا کہ اُن کا خدا تعالیٰ کے ساتھ ایسا تعلق ہے جو کسی دوسرے کا نہیں۔
اس واقعے کو پڑھنے کے لئے نیچے دے گئے انجیلِ مقدس کے حوالوں کو پڑھیں۔

اور بڑی بھیڑ اُس کے پیچھے ہولی کیونکہ جو معجزے وہ بیماروں پر کرتا تھا اُن کو وہ دیکھتے تھے۔ یسوع پہاڑ پر چڑھ گیا اوراپنے شاگردوں کے ساتھ وہاں بیٹھا۔ اور یہودیوں کی عید فسح نزدیک تھی۔ پس جب یسوع نے اپنی آنکھیں اُٹھا کر دیکھا کہ میرے پاس بڑی بھیڑ آرہی ہے تو فلپس سے کہا کہ ہم اِن کے کھانے کے لئے کہاں سے روٹیاں مول لیں؟ مگر اُس نے اُسے آزمانے کے لئے یہ کہا کیونکہ وہ آپ جانتا تھا کہ مَیں کیا کروں گا۔ فلپس نے اُسے جواب دیا کہ دو سودینار کی روٹیاں اِن کے لئے کافی نہ ہوں گی کہ ہر ایک کو تھوڑی سی مل جائے۔ اُس کے شاگردوں میں سے ایک نے یعنی شمعون پطرس کے بھائی اندریاس نے اُس سے کہایہاں ایک لڑکا ہے جس کے پاس جو کی پانچ روٹیاں اور دومچھلیاں ہیں مگر یہ اتنے لوگوں میں کیا ہیں؟ یسوع نے کہا کہ لوگوں کو بٹھائو اور اُس جگہ بہت گھاس تھی۔ پس وہ مرد جو تخمیناً پانچ ہزار تھے بیٹھ گئے ۔ یسوع نے وہ روٹیاں لیں اور شکرکرکے اُنہیں جو بیٹھے تھے بانٹ دیں اور اِسی طرح مچھلیوں میں سے جس قدر چاہتے تھے بانٹ دیا۔ جب وہ سیر ہو چکے تو اُس نے اپنے شاگردوں سے کہا کہ بچے ہوئے ٹکڑوں کو جمع کرو تاکہ کچھ ضائع نہ ہو۔ چنانچہ اُنہوں نے جمع کیا اور جو کی پانچ روٹیوں کے ٹکڑوں سے جو کھانے والوں سے بچ رہے تھے بارہ ٹوکریاں بھریں۔ پس جو معجزہ اُس نے دکھایا وہ لوگ اُسے دیکھ کر کہنے لگے جو نبی دنیا میں آنے والا تھا فی الحقیقت یہی ہے ۔
(یوحنا 6 باب 2 تا 14 آیات)

جب بھیڑ اُس پر گری پڑتی تھی اور خداکا کلام سنتی تھی اور وہ گنیسرت کی جھیل کے کنارے کھڑا تھا تو ایساہو اکہ اُ س نے جھیل کے کنارے دو کشتیاں لگی دیکھیں لیکن مچھلی پکڑنے والے اُن پر سے اُترکرجال دھورہے تھے ۔اور اُس نے اُن کشتیوں میں سے ایک پر چڑھ کر جو شمعون کی تھی اُ س سے درخواست کی کہ کنارے سے ذرا ہٹا لے چل اور وہ بیٹھ کر لوگوں کو کشتی پر سے تعلیم دینے لگا۔ جب کلام کر چکا تو شمعون سے کہا گہرے میں لے چل اور تم شکار کے لئے اپنے جال ڈالو۔شمعون نے جواب میں کہا اے استاد ہم نے رات بھر محنت کی اور کچھ ہاتھ نہ آیا مگر تیرے کہنے سے جال ڈالتا ہوں۔ یہ کیا اور وہ مچھلیوں کا بڑا غول گھیر لائے اور اُن کے جال پھٹنے لگے اور اُنہوں نے اپنے شریکوں کو جو دوسری کشتی پر تھے اشارہ کیا کہ آئو ہماری مدد کرو۔ پس اُنہوں نے آکردونوں کشتیاں یہاں تک بھردیں کہ ڈوبنے لگیں۔ شمعون پطرس یہ دیکھ کر یسوع کے پائوں میںگرا اور کہا اے خداوند!میرے پاس سے چلا جا کیونکہ مَیں گنہگارآدمی ہوں۔ کیونکہ مچھلیوں کے اِس شکارسے جو اُنہوں نے کیا وہ اور اُس کے سب ساتھی بہت حیران ہوئے۔ اور ویسے ہی زبدی کے بیٹے یعقوب اور یوحنا بھی جو شمعون کے شریک تھے حیران ہوئے۔ یسوع نے شمعون سے کہا خوف نہ کر۔ اب سے تُو آدمیوں کا شکار کیا کرے گا۔ وہ کشتیوں کو کنارے پر لے آئے اور سب کچھ چھوڑ کر اُس کے پیچھے ہولئے۔
(لوقا 05 باب 01 تا 11آیات)

مندرجہ ذیل سوالات کے جوابات دیں۔