حضرت جبرائیل کی معرفت مقدسہ مریم کو خُدا کا پیغام

Mark Waseem

انجیلِ مقدس، لوقا 1: 26 کے مطابق چھٹے مہینے میں حضرت جبرائیل مُلکِ اسرائیل کے صوبہ گلیل کے شہر ناصرت کی ایک کنواری بنام ”مریم“ کے پاس آئے ۔ اُس کی منگنی یوسف نام ایک راستباز شخص کے ساتھ ہو چکی تھی۔ حضرت جبرائیل مقدسہ مریم سے یوں مخاطب ہوئے:
”سلام تجھ کو جس پر فضل ہواہے !خداوند تیرے ساتھ ہے“
مقدسہ مریم اِس کلام سے بہت گھبرا گئی اور سوچنے لگی کہ یہ کیسا سلام ہے؟چنانچہ حضرت جبرائیل نے مقدسہ مریم کا ڈر اور خوف دُور کرنے کے لئے فرمایا کہ ”اَے مریم ! خوف نہ کر کیونکہ خداکی طرف سے تجھ پر فضل ہواہے۔ اور دیکھ تُوحاملہ ہو گی اور تیرے بیٹا ہو گا اُس کا نام یسوع رکھنا۔ وہ بزرگ ہو گا اور خداتعالیٰ کا بیٹا کہلائیگا اور خداوند خدا اُس کے باپ داﺅد کا تخت اُسے دیگا اور وہ یعقوب کے گھرانے پر ابد تک بادشاہی کرے گا“
یہ باتیں سن کر مقدسہ مریم نے فرشتہ سے استفسار کرتے ہوئے پوچھا،
”یہ کیونکر ہو گا جب کہ مَیں مرد کو نہیں جانتی؟
فرشتہ نے جواب میں فرمایا،”روح القُدس تُجھ پر نازل ہوگا۔اور خُدا تعالی کی قدرت تُجھ پر سایہ ڈالے گی اوراِس سبب سے وہ مولودِ مقدس خُدا تعالیٰ کا بیٹا کہلائے گا“۔