انجیل مقدس کے مطابق یسوع مسیح (عیسیٰ المسیح) کے پیدا ہونے سے قبل اُن کی پیدائش کے متعلق حضرت جبرائیل خدا کا پیغام لے کر مُقدسہ مریم اور اُن کے منگیتر حضرت یوسف کے پاس آئے۔
اس پیغام کے مطالعہ سےہم معلوم کرسکتے ہیں کہ مسیح کی پیدائش کے بارے میں انبیاء کرام کی پیشنگوئیاں کس حد تک پوری ہوئیں۔
انجیلِ مقدس کی روشنی میں دیکھتے ہیں۔
مقدس لوقا رسول کی انجیل باب نمبر 1 آیت 26 تا 35 تک
چھٹے مہِینے میں جبرائیل فرِشتہ خُدا کی طرف سے گلِیل کے ایک شہر میں جِس کا نام ناصرۃ تھا ایک کُنواری کے پاس بھیجا گیا۔
جِس کی منگنی داؤد کے گھرانے کے ایک مرد یُوسف نام سے ہُوئی تھی اور اُس کُنواری کا نام مریم تھا۔
اور فرِشتہ نے اُس کے پاس اَندر آ کر کہا سَلام تُجھ کو جِس پر فضل ہُؤا ہے! خُداوند تیرے ساتھ ہے۔
وہ اِس کلام سے بہُت گھبرا گئی اور سوچنے لگی کہ یہ کَیسا سَلام ہے۔
فرِشتہ نے اُس سے کہا اَے مریم! خَوف نہ کر کِیُونکہ خُداوند کی طرف سے تُجھ پر فضل ہُؤا ہے۔
اور دیکھ تُو حامِلہ ہوگی اور تیرے بَیٹا ہوگا۔ اُس کا نام یِسُوع رکھنا۔
وہ بُزُرگ ہوگا اور خُدا تعالٰے کا بَیٹا کہلائے گا اور خُداوند خُدا اُس کے باپ داؤد کا تخت اُسے دے گا۔
اور وہ یَعقُوب کے گھرانے پر ابد تک بادشاہی کرے گا اور اُس کی بادشاہی کا آخِر نہ ہوگا۔
مریم نے فرِشتہ سے کہا کہ یہ کیونکر ہوگا جبکہ مَیں مرد کو نہِیں جانتی؟
اور فرِشتہ نے جواب میں اُس سے کہا کہ رُوحُ القُدس تُجھ پر نازِل ہوگا اور خُدا تعالٰے کی قُدرت تُجھ پر سایہ ڈالے گی اور اِس سبب سے وہ مَولُودِ مُقدّس خُدا کا بَیٹا کہلائے گا۔
مقدس متی رسول کی انجیل باب نمبر 1 آیت 18 تا 25 تک
اب یِسُوع مسِیح کی پَیدایش اِس طرح ہُوئی کہ جب اُس کی ماں مریم کی منگنی یُوسُف کے ساتھ ہو گئی تو اُن کے اکٹھّے ہونے سے پہلے وہ رُوح اُلقدُس کی قُدرت سے حامِلہ پائی گئی۔
پَس اُس کے شوہر یُوسُف نے جو راستباز تھا اور اُسے بدنام کرنا نہِیں چاہتا تھا اُسے چُپکے سے چھوڑ دینے کا اِرادہ کیا۔
وہ اِن باتوں کو سوچ ہی رہا تھا کہ خُداوند کے فرِشتہ نے اُسے خواب دِکھائی دے کر کہا اَے یُوسُف اِبنِ داؤد اپنی بِیوی مریم کو اپنے ہاں لے آنے سے نہ ڈر کِیُونکہ جو اُس کے پیٹ میں ہے وہ رُوح اُلقدُس کی قُدرت سے ہے۔
اُس کے بَیٹا ہوگا اور تُو اُس کا نام یِسُوع رکھنا کِیُونکہ وُہی اپنے لوگوں کو اُن کے گُناہوں سے نِجات دے گا۔
یہ سب کُچھ اِس لِئے ہُؤا کہ جو خُداوند نے نبی کی معرفت کہا تھا وہ پُورا ہو کہ
دیکھو ایک کنواری حامِلہ ہوگی اور بَیٹا جنیگی اور اُس کا نام عّمانُوایل رکھّیں گے جِس کا ترجمہ ہے خُدا ہمارے ساتھ۔
پَس یُوسُف نے نیند سے جاگ کر ویسا ہی کِیا جَیسا خُداوند کے فرِشتہ نے اُسے حُکم دِیا تھا اور اپنی بِیوی کو اپنے ہاں لے آیا۔
اور اُس کو نہ جانا جب تک اُس کے بَیٹا نہ ہُؤا اور اُس کا نام یِسُوع رکھّا۔
مندرجہ ذیل سوالات کے جوابات دیں