حضرت ابراہیم سے الٰہی وعدہ کی جزوی تکمیل کی ابتدا

Mark Waseem

حضرت ابراہیم سے الٰہی وعدہ میں دو باتیں نہایت ہی قابلِ غور ہیں۔
اوّل: خداوند کریم حضرت ابراہیم کی نسل سے آنے والی خاص شخصیت کے وسیلہ سے دُنیا کی ساری اقوام کو برکت دینا چاہتا ہے۔ بائبل مقدّس میں اُس ہستی کے بارے میں کیا گیا وعدہ ہمیں آگے ہی آگے بڑھتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ ہم آئندہ اسباق میں سیکھیں گے کہ خدا تعالٰی کس طرح اِس وعدہ کو وقت کے ساتھ ساتھ مزید واضح کرتا جاتا ہے۔ تاہم اب تک کے مطالعہ سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ اُس ہستی کو حضرت یعقوب کی نسل یعنی بنی اسرائیل قوم سے آنا تھا۔
دوم: اِس وعدہ میں دوسری اہم اور قابل غور بات یہ ہے کہ خدا تعالٰی ابراہیم کی نسل کو ایک بڑی قوم بنانے اور پھر اُسے ایک خاص ملک میں بسانے کو تھا۔ بائبل مقدّس کے مطابق اِس کا آغاز حضرت یعقوب (اسرائیل) سے ہوتا ہوا نظر آتا ہے۔ اُن کے ہاں بارہ بیٹے پیدا ہوئے جن سے خدا کی وعدہ کردہ قوم بڑھنے لگی۔ اس قوم کو ”بنی اسرائیل“کا نام دیا گیا۔ یہ وہی نام ہے جو خداتعالیٰ کی طرف سے حضرت یعقوب کو بخشا گیا تھا۔