ج۔الٰہی محبت کا بندھن

Mark Waseem

تیسری بات جو تمام انسانوں کو ایک بندھ میں باندھتی ہے وہ تمام انسانوں کے لئے خُدا تعالی کی یکساں محبت ہے۔المسیح اس حوالہ سے فرماتے ہیں’ ”…وہ اپنے سورج کو بدوں اور نیکوں دونوںپر چمکاتا ہے ۔ اور راستبازوں اور ناراستوں دونوں پر مینہ برساتا ہے”(متی45:5)۔
ایک اور مقام پر آپ فرماتے ہیں،
”…وہ ناشکروں اور بدوں پر بھی مہربان ہے(اِس لئے) جیسا تمہارا (خُدا)باپ رحیم ہے تُم بھی رحمدل ہو”(لوقا35:6۔35)۔ المسیح کے نزدیک محبت کا یہ رشتہ ہر طرح کی مذہبی، معاشرتی اور سماجی گروہ بندی سے بالا تر ہے۔ آپ نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ خُدا اپنی عالمگیر محبت کی بنا پر سب انسانوں کاباپ ہے۔ خُدا تعالیٰ اپنی اسی محبت کی بنا پر ہر انسان کو اپنا فرزند قرار دیتے ہیں ۔چنانچہ یہ خُدا تعالیٰ کی محبت ہی ہے جو سب انسانوں کو بھائی بھائی بنا کر ایک عالمگیر خاندان کے بندھ میں باندھتی ہے ۔ اور ہر انسان سے یہ توقع کرتی ہے کہ وہ بھی اس بے لوث اور یکساں محبت کی بنا پر سب انسانوں کو اپنا بھائی سمجھتے ہوئے ایک دوسرے کی بہتری’ بھلائی اور تعمیر و ترقی کے لئے ہمیشہ تیار اور دستیاب رہیں۔