خدا نے حضرت ابرہام سے فرمایا ” ۔ ۔ ۔ یقین جان کہ تیری نسل کے لوگ ایسے ملک میں جو اُن کا نہیں پردیسی ہوں گے اور وہاں کے لوگوں کی غلامی کریں گے اور وہ چار سو برس تک اُن کودُکھ دیں گے لیکن میں اُس قوم کی عدالت کروں گا جس کی وہ غلامی کریں گے اور بعد میں وہ بڑی دولت لے کر وہاں سے نکل آئیں گے“(پیدایش 13:15- 14) حضرت ابرہام اور اُن کی اولاد نے خدا کے اُن سب وعدوں کا یقین کیا جومستقبل میں اُن کی اولاد میں پورے ہونے کوتھے۔ حضرت ابرہام کے بعد ملکِ کنعان کے علاقہ جرار میں خدا تعالٰی نے حضرت اضحاق پر اپنا ظہور فرمایا اور اُنہیں اپنا وہ وعدہ یاد دلایا جواُن کے باپ حضرت ابرہام سے کیا تھا۔ ” تُو اِسی مُلک (کنعان) میں قیام رکھ اورمَیں تیرے ساتھ رہوں گا اور تجھے برکت بخشوں گا کیونکہ مَیں تجھے اور تیری نسل کو یہ سب مُلک (کنعان) دوں گا اور مَیں اُس قسم کو جو مَیں نے تیرے باپ ابرہام سے کھائی پورا کروں گا۔ اور مَیں تیری اولاد کو بڑھا کرآسمان کے تاروں کی مانند کردوں گا اور یہ سب ملک تیری نسل کو دوں گا اورزمین کی سب قومیں تیری نسل کے وسیلہ سے برکت پائیں گی“ ۔ (پیدایش 3:26-4) اِسی طرح حضرت اضحاق کے بعد حضرت یعقوب پر بھی خُدا تعالٰی نے بیرسبع کے علاقہ میں اپنا ظہور فرمایا اور اُنہیں بھی اپنی اس برکت کی یاد دہانی کرائی۔ ”….. مَیں خداوند تیرے باپ ابرہام کا خدا اوراضحاق کا خدا ہوں ۔ مَیں یہ زمین جس پر تُولیٹا ہے تجھے اور تیری نسل کو دوں گا۔ اورتیری نسل زمین کی گَرد کے ذرّوں کی مانند ہوگی اور تو مشرق اور مغرب اور شمال اور جنوب میں پھیل جائے گا اور زمین کے سب قبیلے تیرے اور تیری نسل کے وسیلہ سے برکت پائیں گے“۔ (پیدایش, 13:28-14) اپنے اس وعدہ کے بارے خُدا تعالٰی کی بار بار یاد دہانی کی بنا پر اسرائیلی بزرگوں کا یہ پختہ ایمان تھا کہ خُدا تعالٰی ایک روز ضرور نسلِ ابرہام و اضحاق کو مُلکِ کنعان میں آباد کرے گا۔ چنانچہ اپنی موت سے قبل حضرت یعقوب اس کے بارے حضرت یوسف کو یوں یاد دہانی کرواتے ہیں،”۔ ۔ ۔ مَیں تومرتا ہوں لیکن خدا تمہارے ساتھ ہوگا اور تم کو پھر تمہارے باپ دادا کے ملک (کنعان) میں لے جائے گا“۔ (پیدایش 21:48) حضرت یوسف نے بھی اپنی موت سے قبل اپنے بھائیوں کو اس وعدہ کی یوں یاد دہانی کروائی ۔ ” ۔ ۔ ۔ میں مرتا ہوں اور خدا یقیناً تم کو یاد کرے گا اور تم کو اس ملک (مصر) سے نکال کراُس ملک (کنعان) میں پہنچائے گا جس کے دینے کی قسم اُس نے ابرہام اور اضحاق اور یعقوب سے کھائی تھی“۔ پیدایش. 24:50