اِنسانی قد رو قیمت کے بارے میں توریت، زبور اورصحائفِ انبیاءکی شہادت

Mr. PBCS

ہم سیکھ چکے ہیں کہ خُدا تعالیٰ نے اِنسان کو اپنی صورت پر خلق کیا ۔ اور پھر اُس میں اپنا دم پھونکا اوراُسے تمام مخلوقات پر اختیار عطا کیا۔ یوں خُدا تعالیٰ نے اِنسان کو دیگر تمام مخلوقات پر فوقیت عطا کی۔ یہی وجہ ہے کہ اِنسان کو اشرف المخلوقات کہاجاتا ہے۔ چنانچہ اشرف المخلوقات ہونے کی بنا پر اِنسان خُدا تعالیٰ کے نزدیک نہایت ہی قابلِ قدر ہے۔ اِسی لئے خُدا تعالیٰ تمام مخلوقات سے بڑھ کر اِنسان کو پیار کرتے ہیں۔
چونکہ خُدا تعالیٰ اِنسان کو دیگر تمام مخلوقات سے بڑھ کر پیار کرتے ہیں اِس لئے وہ کسی بھی اِنسان کی تذلیل برداشت نہیں کر سکتے ۔چنانچہ توریت شریف میں یوں مرقوم ہے،
” میں تمہارے خون کا بدلہ ضرور لوں گا۔ ہر جانور سے اُس کا بدلہ لوں گا۔ آدمی کی جان کا بدلہ آدمی سے اور اُس کے بھائی بند سے لوں گا۔جو آدمی کا خون کرے اُس کا خون آدمی سے ہوگا کیونکہ خُدا نے اِنسان کو اپنی صورت پر بنایاہے“ (پیدایش9: 5-6)۔
اِسی طرح حضرت سلیمان احترامِ انسانیت کے حوالہ سے یوں فرماتے ہیں،
”مسکین پر ہنسنے والا اُس کے خالق کی اہانت کرتا ہے اور جو اَوروں کی مصیبت سے خوش ہوتا ہے بے سزا نہ چھوٹے گا“(امثال17: 5)۔