آنے والے المسیح کی پیدائش

Mark Waseem

کئی سال پہلے خُدا تعالیٰ نے باغِ عدن میں فرمایا تھا کہ ابلیس کے سر کو کچلنے والا عورت کی نسل کے طور پر اس دُنیا میں وارِد ہوگا۔اس حوالہ سے بائبل مقدس میں یوں مرقوم ہے ”اور مَیں تیرے اور عورت کے درمیان اور تیری نسل اور عورت کی نسل کے درمیان عداوت ڈالوں گا۔وہ تیرے سر کو کُچلے گا اور تو اُس کی ایڑی پر کاٹے گا“(پیدائش 15:3)۔ پھر اُسی بات کی وضاحت کے لئے حضرت یسعیاہ بتاتے ہیں کہ آنے والا ابدی بادشاہ (المسیح) کسی مرد کے عمل دخل کے بغیر ایک کنواری سے پیدا ہوگا۔اس تعلق سے آپ یوں بیان کرتے ہیں ”لیکن خداوند آپ تم کو ایک نشان بخشے گا۔دیکھو ایک کنواری حاملہ ہوگی اور بیٹا پیدا ہو گا اور وہ اُس کا نام عمانوایل رکھے گی“(یسعیاہ 14:7) ۔ پانچویں صدی قبل از مسیح میں حضرت میکاہ نبی نے المسیح کی جائے پیدائش کے بارے میں بھی پیشین گوئی کی کہ آپ بیت لحم میں پیدا ہوں گے ۔اس حوالہ سے آپ یوں فرماتے ہیں، ” لیکن اے بیت لحم افراتاہ اگر چہ تُو یہوداہ کے ہزاروں میں شامل ہونے کے لئے چھوٹا ہے تَو بھی تجھ میں سے ایک شخص نکلے گا اور میرے حضور اسرائیل کا حاکم ہوگااور اُس کا مصدر زمانہ سابق ہاں قدیم الایّام سے ہے“( میکاہ 2:5 )۔