خُدا تعالیٰ نے ابرہام سے کیا ہوا وعدہ حضرت اضحاق اور حضرت یعقوب کے ساتھ بھی دہرا کر یہ واضح کر دیا کہ یہ ہستی حضرت یعقوب کی نسل سے آئے گی۔پھر اسی بات کو حضرت موسیٰ بنی اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے یوں بیان کرتے ہیں”خداوند تیرا خدا تیرے لئے تیرے ہی درمیان سے یعنی تیرے ہی بھائیوں میں سے میری مانند ایک نبی برپا کرے گا تم اُس کی سننا۔۔۔“(استثنا15:18 )۔ اِسی طرح خُدا تعالیٰ نے حضرت یسعیاہ کی معرفت یہ بھی بتا دیا کہ المسیح حضرت داﺅد کے خاندان سے آئیں گے۔اس حوالہ سے آپ یوں فرماتے ہیں، ”اوریسّی کے تنے سے ایک کونپل نکلے گی اور اُس کی جڑوں سے ایک بار آور شاخ پیدا ہوگی۔“(یسعیاہ 1:11 )۔ آپ کو یاد ہوگا کہ یسی حضرت داﺅد کے باپ کا نام تھا۔یہاں یسی کے تنے سے مراد حضرت داﺅد کے باپ یسی کا نسب نامہ ہے اور شاخ المسیح کو کہا گیا ہے۔