جب یسوع مسیح آسمان پر اٹھا لئے گئے تو فرشتوں نے شاگردوں کو بتایا کہ یہی یسوع مسیح ہے جو جس طرح آسمان پر گیا ہے اُسی طرح پھر واپس آئے گا۔ چناچہ سب ایماندار جو یسوع مسیح کے پیروکار ہیں آپکی دوسری آمد کے منتظر ہیں۔ پہلی بار یسوع مسیح اس لئے دنیا میں تشریف لائے تاکہ نبیوں کی پیش گوئیوں کے مطابق دنیا کے گناہوں کے فدیہ میں اپنی جان قربان کریں اور پھر تیسرے روز جی اُٹھیں۔ لیکن جب یسوع مسیح دوبارہ واپس آئیں گے تو وہ دنیا کی عدالت کریں گے اور ایمانداروں کو اپنے ساتھ آسمان پر لے جائیں گے۔
مزید سمجھنے کے لئے درج ذیل انجیلِ مقدس کے حوالے کا مطالعہ کریں۔
جب اِبنِ آدم اپنے جلال میں آئے گا اور سب فرِشتے اُس کے ساتھ آئیں گے تب وہ اپنے جلال کے تخت پر بَیٹھیگا۔
اور سب قَومیں اُس کے سامنے جمع کی جائیں گی اور وہ ایک کو دُوسرے سے جُدا کرے گا جَیسے چرواہا بھیڑوں کو بکرِیوں سے جُدا کرتا ہے۔
اور بھیڑوں کو اپنے دہنے اور بکرِیوں کو بائیں کھڑا کرے گا۔
اُس وقت بادشاہ اپنے دہنی طرف والوں سے کہے گا آؤ میرے باپ کے مُبارک لوگو جو بادشاہی بنایِ عالم سے تُمہارے لِئے تیّار کی گئی ہے اُسے مِیراث میں لو۔
کِیُونکہ مَیں بھُوکا تھا۔ تُم نے مُجھے کھانا کھِلایا۔ میں پیاسا تھا۔ تُم نے مُجھے پانی پِلایا۔ میں پردیسی تھا۔ تُم نے مُجھے اپنے گھر میں اُتارا۔
ننگا تھا۔ تُم نے مُجھے کپڑا پہنایا۔ بِیمار تھا۔ تُم نے میری خَبر لی۔ قَید میں تھا۔ تُم میرے پاس آئے۔
تب راستباز جواب میں اُس سے کہنیگے اَے خُداوند! ہم نے کب تُجھے بھُوکا دیکھ کر کھانا کھِلایا یا پیاسا دیکھ کر پانی پِلایا؟
ہم نے کب تُجھے پردیسی دیکھ کر گھر میں اُتارا؟ یا ننگا دیکھ کر کپڑا پہنایا؟
ہم کب تُجھے بِیمار یا قَید میں دیکھ کر تیرے پاس آئے؟
بادشاہ جواب میں اُن سے کہے گا مَیں تُم سے سَچ کہتا ہُوں چُونکہ تُم نے میرے اِن سب سے چھوٹے بھائِیوں میں سے کِسی ایک کے ساتھ یہ سُلُوک کِیا اِس لِئے میرے ہی ساتھ کِیا۔
پھِر وہ بائِیں طرف والوں سے کہے گا اَے ملعُونو میرے سامنے سے اُس ہمیشہ کی آگ میں چلے جاؤ جو اِبلِیس اور اُس کے فرِشتوں کے لِئے تیّار کی گئی ہے۔
(متّی 25 باب 31 تا 41 آیات)
سوچنے کی بات
یسوع مسیح کی موت پھر زندہ ہوکر آسمان پر جانے کے بارے میں خدا کی فرمائی ہوئی ایک ایک بات پوری ہوئی۔ اس کا مطلب یہ کہ یسوع مسیح کی دوسری آمد کے بارے میں بھی خدا کی باتیں جو اُس کا کلام ہے ضرور پورا ہوگا۔ خداوند یسوع مسیح اپنی دوسری آمد پر ایمانداروں کو ہمیشہ کی زندگی عطا کریں گے اور منکرین کو جہنم کی میں ڈالیں گے۔ آپ کیا سمجھتے ہیں کہ آپ کو کن لوگوں میں شمار کیا جائے گا؟
دعا۔ اے خداوند مجھے توفیق عطا کرکے میں یسوع مسیح کو اپنا نجات دہندہ قبول کر کے ہمیشہ کی زندگی حاصل کرسکوں۔ آمین
مندرجہ ذیل سوالات کے جوابات دیں۔